نعمان مسعود ایک مشہور پاکستانی ٹیلی ویژن اداکار ہیں جنہوں نے پی ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے پہلے ڈرامہ سیریل شہباز کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ ڈرامہ سیریل نیند میں ماریہ واسطی کے ساتھ ان کی آن اسکرین جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا اور بندھن ڈرامے میں نادیہ خان کے ساتھ۔
حال ہی میں، نعمان مسعود مدیحہ نقوی کے شو میں نظر آئے جہاں وہ اپنی مرحومہ والدہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور اپنے آنسوؤں کو بہنے سے روک نہ پائے۔
نعمان مسعود نے اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، مجھے کبھی نہیں لگا کہ میری والدہ کا انتقال ہو گیا ہے بلکہ مجھے لگتا ہے کہ وہ میرے آس پاس ہیں۔ میں ان کی قبر پر جاتا ہوں، اسے صاف کرتا ہوں، فاتحہ پڑھتا ہوں، لیکن پھر بھی مجھے کبھی ان کی قبر میں ان کی احساسِ موجودگی محسوس نہیں ہوتی کیونکہ میں ان کو اپنے اردگرد محسوس کرتا ہوں۔ ہاں میں نماز میں ان کے لیے دعا کرتا ہوں، تلاوت کرتا ہوں ان کے لیے لیکن کبھی محسوس نہیں ہوا کہ وہ میرے ساتھ نہیں ہیں۔ میں انہیں اپنی بہن، بیوی اور بیٹی میں بھی دیکھتا ہوں۔
نعمان مسعود اپنی والدہ کے انتقال پر بات کرتے کرتے جذباتی ہوگئے اور رونے لگے، انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی والدہ کے انتقال کی وجہ سے کراچی چھوڑا کیونکہ میں ان کی ان گنت یادوں سے جان چھڑانا چاہتا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں نے کراچی اس لیے چھوڑا کہ میں ان کا جانا برداشت نہ کر سکا، میں رونا نہیں چاہتا لیکن رو جاتا ہوں انہیں یاد کر کے۔