سوات : دریائے سوات میں خواتین اور بچوں سمیت 6افراد کو سیلابی ریلہ بہا لے گیا تاہم ڈوبنے والے 2 بچوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوات میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دریائے سوات میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد کوسیلابی ریلہ بہالے گیا۔
سیلابی ریلےمیں ایک ہی خاندان کے تیرہ افراد پھنس گئے
فضا گھٹ کے مقام پر سیلابی ریلے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد پھنس گئے تھے، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ دریا میں ڈوبنے والے 2 بچوں کی لاشیں مل گئیں تاہم دیگر کی تلاش کے لئے فضا گٹ، بائی پاس، مانیار اور خوازہ خیلہ کےمقام پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ تمام سیاح فضا گٹ کے قریب قائم فوڈ اسٹریٹ پر ناشتہ کررہے تھے۔
دریائے سوات میں پانی کا تیز بہاؤ ، الرٹ جاری
دوسری جانب دریائے سوات میں پانی کے تیز بہاؤ کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا، دریا کے کنارے لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل ہونےکی ہدایت کردی۔
خوازہ خیلہ،بائی پاس میں دریائے سوات کا پانی حفاظتی پشتوں تک پہنچ گیا ہے، خوازہ خیلہ سیکشن پر پانی کا بہاو 77782 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ، گزشتہ 2 روز سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
خیال رہے پنجاب میں مون سون کے پہلے اسپیل نےلاہورسمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تباہی مچادی ہے۔
مختلف حادثات میں11 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ستائیس سے زیادہ زخمی ہوگئے، جہلم میں لوڈررکشہ الٹنے سےدوافرادبرساتی نالے میں ڈوب گئے۔
مظفرگڑھ میں دیوارگرنے سے دوافراد جاں بحق ہوئے جبکہ ، بہاولنگرمیں چھت گرنے سے ایک شخص اور خانیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔