
اداکارہ صبا قمر کا حالیہ انٹرویو سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر گیا ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ کبھی کراچی شفٹ ہونے کا سوچیں گی، تو صبا قمر نے فوراً کہا، استغفراللہ! اور بس یہی ایک جملہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔
کراچی کے رہائشیوں کو یہ بات پسند نہ آئی اور کئی صارفین نے اسے شہر کی توہین قرار دیا۔
ایسے میں عفت عمر نے صبا قمر کی حمایت کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی، جس نے آگ میں گھی کا کام کیا۔ انہوں نے لکھا، “ہم کراچی صرف کام کے لیئے جاتے ہیں، اب نہیں پسند تو نہیں پسند! بہت گندا شہر ہے۔”
جس پر اداکارہ جویریہ سعود بھی میدان میں آگئیں۔ انہوں نے عفت عمر کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا، “کراچی گندا نہیں، سوچ گندی ہے! کراچی والوں کو اپنے شہر پر فخر ہے اور اس کی صفائی ذہنوں سے شروع ہوتی ہے۔”
دوسری طرف انٹرنیٹ پر ایک الگ بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ لوگ صبا قمر کے حق میں بول رہے ہیں کہ، ہر شخص کو کسی شہر کو پسند یا ناپسند کرنے کا حق حاصل ہے۔ ایک صارف نے لکھا، میں خود کراچی میں پیدا ہوا ہوں، مگر شہر واقعی بہت گندا اور رہنے کے قابل نہیں رہا۔ ایک اور نے کہا، کراچی والوں کو اپنے حکمرانوں سے جواب مانگنا چاہیے، تاکہ شہر صاف ہو سکے۔
صبا قمر کے ایک لفظ استغفراللہ نے پورے سوشل میڈیا کو دو حصوں میں بانٹ دیا — ایک طرف شہر سے محبت کرنے والے، دوسری جانب وہ آزادیِ رائے کا ساتھ دے رہے ہیں۔