
سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی جانب سے طلاق کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے حیران کن انکشافات سامنے آگئے۔
سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کا گھر اجاڑ دیا گیا، بچے اپنے والد سے محروم ہوگئے جبکہ پانچ ماہ کے بچے کو اب تک اس کے والد نے نہیں تھاما۔
ثانیہ اشفاق کے مطابق شادی کے دوران مشکلات ضرور رہیں مگر تعلق برقرار رہا اور انہوں نے بطور بیوی اور ماں رشتہ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ معاملات اس وقت بگڑے جب ایک تیسری شخصیت ان کی ازدواجی زندگی میں داخل ہوئی، جو عماد وسیم سے شادی کی خواہشمند تھی۔ انہوں نے بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر ذہنی اذیت اور تلخ رویہ برداشت کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ انصاف ضرور ہوگا اور اس معاملے سے متعلق تمام باتوں کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔
ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ دستاویزات منظرِ عام پر لانے سے روکنے کی دھمکیوں سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا، وہ بدلے کے لیے نہیں بلکہ اپنے اور بچوں کے حق میں سچ بول رہی ہیں اور ہر اس خاتون کی آواز بننا چاہتی ہیں جسے خاموش کرادیا جاتا ہے۔