پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافے کا خدشہ ہے، حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیزل 20 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول 15 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوسکتا ہے، قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیر اعظم شہباز شریف دیں گے۔

یاد رہے کہ حکومت نے رواں 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا براہ راست اثر متوسط ​​اور نچلے متوسط ​​طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔

ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر شعبہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر چلتا ہے۔ اس کی قیمت کو افراط زر میں کمی یا اضافے کی وجہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ زیادہ تر بھاری نقل و حمل کی گاڑیوں، ٹرینوں، اور زرعی انجنوں، جیسے ٹرک، بس، ٹریکٹر، ٹیوب ویل اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے، اور خاص طور پر سبزیوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے۔ ڈیزل کی قیمت کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں شاذ و نادر ہی کمی آتی ہے۔