
لاہور(نیوز ڈیسک) ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کے احکامات پر خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنے کا عمل نمایاں طور پر تیز ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں سال 2025 کے دوران 248,000 سے زائد خواتین مختلف لائسنس کے فوائد سے مستفید ہوئیں۔
ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025 میں پچھلے سال کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا۔ ان میں سے 183,000 سے زائد خواتین نے کار ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا، جو خواتین میں خودمختاری اور ٹریفک قوانین کے شعور میں اضافے کی عکاس ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025 میں 61,000 خواتین نے موٹرسائیکل، 1,833 خواتین نے ایل ٹی وی، 240 خواتین نے رکشہ، جبکہ 150 خواتین نے کمرشل ہیوی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ خواتین نے 86 فیصد موٹر سائیکل اور 32 فیصد کار کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے، جو ایک خوش آئند ترقی ہے۔ اسی دوران، 10,000 سے زائد خواتین نے ڈپلیکٹ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے جبکہ 77,000 سے زائد خواتین نے اپنے لائسنس بھی تجدید کیے۔