لاہور: عثمانیہ سلطنت پر بنائے جانے والے شہرۂ آفاق ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار کی شکایت پر پنجاب پولیس نے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اور ترک اداکار ایگن آلتن نے کاشف ضمیر کے خلاف آئی جی پنجاب کو ایک شکایتی ای میل بھیجی تھی، جس میں انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کا ذکر کیا اور ثبوت بھی فراہم کیے۔
ترک اداکار کی ای میل موصول ہونے کے بعد آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو تحقیقات اور ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
سی سی پی او لاہور نے تھانہ اقبال ٹاؤن کی پولیس نے جب کاشف ضمیر کے گھر جب چھاپہ مارا تو وہاں سے سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی برآمد ہوئی، جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کیا اور کاشف ضمیر کے خلاف مقامی تھانے ’نشتر‘ میں ایک اور مقدمہ پولیس اہلکار کی مدعیت میں درج کرلیا۔
ڈی ایس پی سی آئی اے میاں شفقت نے کہا کہ ’کاشف ضمیر جعلی سونا پہن کر لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتا ہے، کاشف ضمیر نے ترک اداکار کے ساتھ فراڈ کر کے پاکستان کے تشخص کو خراب کرنے کی کوشش کی‘۔