اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چکوال کی تحصیل چوآ سیدن شاہ کے علاقے دوالمیال میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پولیس نے اپنی بیوی کو دوست کے ہاتھوں بار بار زیادتی کا نشانہ بنوانے والے شوہر اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم شوہر اپنی نئی نویلی دلہن کو کئی بار زبردستی اپنے دوست کے ساتھ تعلقات پر مجبور کرتا رہا۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ شادی کے صرف دو ماہ کے دوران اسے بارہا جبری زیادتی کا سامنا کرنا پڑا۔ شوہر مسلسل دھمکاتا کہ اگر کسی کو بتایا تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
بالآخر خاتون نے اپنی والدہ کو حقیقت سے آگاہ کیا، جس پر والدہ نے تھانہ چوآ سیدن شاہ میں مقدمہ درج کروایا۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کا شوہر محمد اسلام ولد ظفر اقبال اپنے دوست اسماعیل شاہ ولد دامن خان کو گھر بلا کر کمرے میں بند کرتا اور اسے زیادتی پر مجبور کرتا تھا۔
پولیس نے شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔