بڑی خبر:گڈبائے خشک سردی،20سے 22دسمبر تک تیزہواؤں کیساتھ بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی و مغربی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر تک بارش کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا۔موسمی نظام کے زیر اثر 20 دسمبر کو بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا آغاز متوقع ہے۔

ادھربلوچستان کے اضلاع چاغی، خاران اور قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور گردونواح میں بارش اور درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور اور سکردو میں بارش اور برفباری، بعض مقامات پر شدید برفباری کی توقع ہے۔آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 20 سے 21 دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گلیات اور مری میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔ وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔