
سینئر پاکستانی ٹی وی اور فلم اداکار راشد محمود نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ڈیجیٹل کریئیٹرز کے اپنے انٹرویوز کو غلط طریقے سے پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
راشد محمود نے کہا میں دل شکستہ ہو کر تمام یوٹیوبرز سے درخواست کر رہا ہوں کہ براہِ کرم میرے پاس نہ آئیں۔ مجھے آپ لوگوں کی ضرورت نہیں، نہ مالی مدد کی۔ آپ لوگ مجھے اپنے ویوز اور چالاکیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے انٹرویوز بالکل معمول کے مطابق ہیں لیکن آپ کے لگائے گئے ہیڈ لائنز اسے غلط رنگ دے دیتے ہیں۔ مجھے بھیک مانگنے والا دکھا کر پیش کیا جا رہا ہے جبکہ میں نے کسی سے ایک بھی پیسہ نہیں مانگا۔ براہِ کرم میرے پاس نہ آئیں آپ میری زندگی کی محنت کو اپنے ہیڈ لائنز سے خراب کر رہے ہیں ۔ اللہ مجھے صحت دے گا میں پہلے ہی بہتر ہو رہا ہوں۔
راشد محمود خاص طور پر اس بات پر ناراض تھے کہ یوٹیوبر ارتضیٰ نے ان کے حالیہ انٹرویو کو غلط تھمب نیل اور ہیڈ لائن کے ذریعے پیش کیا۔
اداکار نے سوشل، سیاسی اور میڈیا مسائل پر آواز بلند کرنے والے معروف فنکار ہونے کے ناطے اپنے موقف کی وضاحت کی اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں محتاط رہیں۔