بریکنگ نیوز: وزیر اعلی کے پی کے سہیل آفریدی سے استعفی طلب

اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیراعظم پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر برائے خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر براہِ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے دانستہ طور پر ان کے گھر کے سامنے ریلی رکوائی اور کارکنوں سے اشتعال انگیز نعرے بازی کروائی، جس کا مقصد ماحول کو کشیدہ کرنا اور کسی ناخوشگوار واقعے کی راہ ہموار کرنا تھا۔

اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ اگر وہ بروقت لیگی کارکنوں کو نہ روکتے تو صورتحال سنگین رخ اختیار کر سکتی تھی۔اختیار ولی خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنی فوڈ اسٹریٹ ریلی ان کے گھر کے سامنے رکوائی اور کارکنوں کو ان کے خلاف نعرے بازی اور جملے بازی کی ہدایت دی تاکہ اشتعال پیدا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پختون اور جمہوری روایات میں ایسی گھٹیا حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں اور اس طرزِ عمل کا مقصد محض تصادم کو ہوا دینا تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت اپنے ڈیرے پر موجود تھے اور اگر وہ وہاں موجود لیگی کارکنوں کو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنے پر آمادہ نہ کرتے تو آج بڑے نقصان کا خدشہ تھا۔