بڑی خبر: 16 سے 25 جنوری کے دوران سردی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی خبریں: محکمہ موسمیات نے اصل حقیقت بتادی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے 16 تا 25 جنوری کے دوران ملک میں صدی کی سرد ترین لہر آنے کی خبروں کو اصل حقیقت بتادی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی شدید سردی اور غیر معمولی برف باری کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تردید کردی۔

محکمہ موسمیات نے کہا 16 تا 25 جنوری کےدوران ملک میں کسی غیر معمولی یا تاریخی سرد لہر کا امکان نہیں، درجہ حرارت معمول کےمطابق رہے گا اور ریکارڈ توڑ سردی کی کوئی پیشگوئی نہیں ہے۔ڈی جی محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ موسمی خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اور معتبر ذرائع سے ہی موسم کی پیش گوئی پر اعتماد کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کا کہنا تھا کراچی میں شدید سردی کا کوئی امکان نہیں، آنے والے دنوں میں درجہ حرارت چودہ سے پندرہ ڈگری رہنے کا امکان ہے، بیس جنوری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔خیال رہے سوشل میڈیا پر حال ہی میں ایک پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ 16 تا 25 جنوری کے دوران ملک میں صدی کی سرد ترین لہر آئے گی اور راولپنڈی و اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔اسی طرح لاہور، مری اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں شدید برف باری کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی، لیکن محکمہ موسمیات نے یہ دعوے بے بنیاد قرار دیے ہیں۔محکمہ نے واضح کیا کہ موسم سردی کے مطابق رہے گا، مگر یہ معمول کی سردیوں سے زیادہ سخت نہیں ہوگی۔